حلیم عادل شیخ 9

سندھ میں ریبیز کے بڑھتے کیسز حکومتی ناکامی کا ثبوت ہیں، حلیم عادل شیخ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ میں ریبیز کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریبیز کے واقعات صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔3 اکتوبر کو جاری بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ کا یہ مؤقف کہ ریبیز کے کیسز میں اضافہ صرف کم آگاہی کا نتیجہ ہے، دراصل حکومتی کوتاہیوں اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، دادو اور اندرون سندھ سے معصوم بچوں کا ریبیز کا شکار ہوکر کراچی لایا جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں بنیادی حفاظتی ویکسین تک دستیاب نہیں، اور جہاں دستیاب ہے وہاں بھی اس کی مؤثر فراہمی پر سوالات موجود ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ دادو کے 4 سالہ بچے اور حیدرآباد کی 6 سالہ بچی کا ریبیز جیسی جان لیوا بیماری کا شکار ہونا سندھ کے شعبہ صحت کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ 18 سال سے سندھ میں حکمرانی کرنے والی جماعت اربوں روپے کے صحت کے بجٹ کے باوجود آوارہ کتوں کی آبادی پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور نہ ہی تعلقہ سطح کے اسپتالوں میں ویکسین کی فراہمی یقینی بنا سکی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبہ بھر میں آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے جاری مہمات کا شفاف فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور فنڈز میں خوردبرد کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے تمام بنیادی مراکز صحت اور تعلقہ اسپتالوں میں عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین کی مفت اور مسلسل دستیابی یقینی بنائی جائے۔

محض سیمینارز اور کاغذی دعووں کے بجائے گلی محلوں کی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہوسکے۔انہوں نے ریبیز سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کے عوام کو بدانتظامی کے رحم و کرم پر تنہا نہیں چھوڑے گی اور مبینہ غفلت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں