مریم اورنگزیب 88

پنجاب کی ترقی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے گئے ‘مریم اورنگزیب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی ترقی کے لیے اہم اقدامات اور انقلابی منصوبوں کا اعلان کیا ہے.

صوبے کی ترقی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف شعبوں میں فیصلہ کن اقدامات کیے گئے ہیں، لاہور میں رواں ماہ کے آخر تک دھوئیں سے پاک 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو شمسی توانائی پر مبنی ہوں گی، مزید برآں، پنجاب کے بڑے شہروں میں 620 ماحول دوست بسیں جلد متعارف کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مستحقین کو اس بار رمضان نگہبان پیکج کارڈز کی شکل میں فراہم کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور آسانی یقینی بنائی جا سکے۔ 15 اسمارٹ پولیس اسٹیشنز 19 فروری تک مکمل کیے جائیں گے، جبکہ کالا شاہ کاکو جوڈیشل اکیڈمی کے لیے 42 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔ 261 ٹن لوہے کے ذخائر کی ترقی کے لیے 500 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی اور سرگودھا میں پناہ گاہوں کے قیام اور اٹک میں ماڈل چلڈرن ہوم کی جلد تعمیر کی ہدایت کی گئی ہے۔ اقلیتی برادری کی ترقی کے لیے اقلیتی فنڈ کو دوگنا کر دیا گیا ہے، جبکہ تاریخی چرچز کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ 1000 ایکڑ پر محیط شرمپ فارمنگ منصوبے کی میپنگ مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔چھانگا مانگا کے جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ لاہور میں ماڈل فش مارکیٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی جلد مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ٹھوکر نیاز بیگ، لاہور میں جدید کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔ فیصل آباد میں مزدوروں کی صحت و سلامتی کے لیے ایک جدید ہیلتھ لیبارٹری کے قیام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ملازمت پیشہ خواتین کے لیے پنجاب بھر میں ہاسٹلز اور 165 ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جھنگ ویٹرنری کالج اور چولستان ویٹرنری یونیورسٹی کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔

جنوبی پنجاب میں کسانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موبائل ویٹرنری سروسز ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام محکموں کی کارکردگی کو سختی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ منصوبوں کی رفتار، معیار اور گورننس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں