لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ پنجاب میں 85 لاکھ خاندانوں میں صحت کارڈ تقسیم کیا جاچکا ہے، راشن پروگرام کے تحت آٹا‘ گھی اور دالوں پر تیس فیصد رعایت ملے گی، صحت کارڈ کے ذریعے عوام نجی سیکٹر سے بھی علاج کروا سکتے ہیں، صحت کارڈ پر چار سو ارب کی خطیر رقم خرچ کرنے جارہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ پنجاب میں 85 لاکھ خاندانوں میں صحت کارڈ تقسیم کیا جاچکا ہے۔ راشن پروگرام کے تحت آٹا‘ گھی اور دالوں پر تیس فیصد رعایت ملے گی۔ صحت کارڈ کے ذریعے عوام نجی سیکٹر سے بھی علاج کروا سکتے ہیں۔ نیا پاکستان صحت کارڈ میں پنجاب کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پر چار سو ارب کی خطیر رقم خرچ کرنے جارہے ہیں۔
حکومت ملک بھر میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ صحافیوں کے سوالوں کے جواب پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے خواب میں بھی حکومتی کارکردگی آرہی ہے۔ تئیس مارچ کی تاریخ دینا اپوزیشن کا عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ یہ وہی کمر کی درد ہے جو ان کو عدالتوں میں یاد آتی ہے۔ حکومت کو ان کے مارچ کی فکر نہیں یہ لوگوں کو متحرک نہیں کرسکتے۔ (ن) لیگ نے عوام کی خدمت کی بجائے ہمیشہ کرپشن کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے پارٹی لیڈرز کا وطیرہ صرف کرپشن رہا ہے۔ لوگ 1980اور 90کی دہائی کی کرپشن نہیں بھولے۔ یہ پبلک ٹینڈر اور ٹھیکوں میں بھی کرپشن پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے دور کے تمام منصوبے آج آدھی قیمت پر ہورہے ہیں۔









