شازیہ ماریہ 20

پشاور میں بارشوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی بے نقاب کر دی، عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے پشاور اور خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کی بارش نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی اور شہری انفراسٹرکچر کی حقیقت عوام کے سامنے آشکار کر دی ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ طویل عرصے سے اقتدار میں ہونے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں سڑکوں، نکاسی آب کے نظام اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنانے میں ناکام رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے بعد عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس سے واضح ہو گیا کہ صوبائی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں اور شہری انفراسٹرکچر پر مناسب توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی نعروں اور محاذ آرائی پر زیادہ توجہ دی۔

شازیہ مری نے کہا کہ بجٹ کمیٹیوں کے اجلاس ہوں یا جوڈیشل کمیشن میں نمائندگی، ہر فورم پر پی ٹی آئی عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی اور قومی اداروں کو متنازع بنانے کی ذمہ داری بھی اسی جماعت پر عائد ہوتی ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ عوام اب کارکردگی، خدمت اور عملی اقدامات کی سیاست چاہتے ہیں، کھوکھلے دعوؤں کا وقت گزر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہر حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم خیبر پختونخوا حکومت اس امتحان میں ناکام نظر آئی۔

انہوں نے پشاور اور خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت یاب کرے۔شازیہ مری نے کہا کہ جن خاندانوں کو مالی نقصان پہنچا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور اس مشکل گھڑی میں خیبر پختونخوا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم مؤثر حکمت عملی، پیشگی تیاری اور بروقت اقدامات کے ذریعے جانی و مالی نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے، مگر بارشوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کی تیاری انتہائی ناقص ثابت ہوئی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں، نقصانات کا شفاف سروے کرایا جائے، متاثرین کو مناسب مالی معاوضہ فراہم کیا جائے اور آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے ایک مؤثر ہنگامی نظام قائم کیا جائے۔ شازیہ مری نے زور دیا کہ حکومت کو سیاسی بیانات کے بجائے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں