لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کی شناخت، حقوق اور مستقبل پر حملہ تھا، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم حقِ خودارادیت کی طویل جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
مریم نواز شریف نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور اصولی مؤقف اختیار کیا، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت اپنے قومی مؤقف کے مطابق جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت کرتے رہیں گے۔









