مریدکے(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ جس طرح وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں قومی ڈائیلاگ کی بات کی ہے ویسے ہی ڈائیلاگ اور مذاکرات کی بات وزیر اعظم اپوزیشن جماعتوں سے متعلق بھی کرچکے ہیں ،جس طرح فتنہ الخوارج بھارتی سرپرستی میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیںایسے ہی سیاسی فتنہ الخوارج بھی ہیں جن کا ہمیشہ مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا رہا ہے ،ہم جمہوری لوگ ہیں اور حکومت ہمیشہ مذاکرات اور ڈائیلاگ کو ترجیح دیتی رہی ہے ۔
گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھی کہتے ہیں جمہوری سیاسی طریقہ اپنائے ،پارلیمانی طریقہ ہی جمہوریت کا طریقہ ہے ،شاید پی ٹی آئی کو اب سمجھ آجائے کہ پارلیمان ہی سب سے بہتر ہے ۔انہوں نے کہا گندم کی کمی کی وجہ سے باہر سے گندم منگوانا پڑ رہی ہے ۔چینی برآمد کرنے سے کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا کیونکہ ملک میںچینی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں ہر محاذ پر شکست ہوئی ہے ،پاکستان بھارت کو جنگ اور سفارتی میدان میں تاریخی شکست دے چکا ،اب وہ جھوٹے پراپگینڈے کے ذریعے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کا امن کا کردار دنیا مان چکی ہے ۔









