و زیراعلیٰ پنجاب

پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے‘ و زیراعلیٰ پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ 7 کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پرامن پاکستان جیت گیا اور امن دشمن ہار گئے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین رہیں، تمام اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے کہ میگا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، محب وطن پاکستانیوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ میچوں میں عوام کے جوش وخروش سے پوری دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستانی قوم پرامن قوم ہے، پی ایس ایل نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہورہی ہیں، کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو پرامن ماحول میں میچوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا، پاکستان آمد پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کرلی ہے۔