چوہدری شجاعت حسین 20

پاکستان ،چین کے مابین گہری دوستی اور مضبوط معاشی تعاون موجود ہے’چوہدری شجاعت حسین

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ وسابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین گہری دوستی اور مضبوط معاشی تعاون موجود ہے،چین پاکستان کا ایسا مخلص اور آزمودہ دوست ہے جو مشکل کی ہرگھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے اعلی سطح کے سرکاری ونجی کاروباری وفد سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چین کے صوبے حونان کے شہر لاڈی کے ڈپٹی میئر یانگ وائے وفد کی قیادت کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے مابین لازوال دوستی اور معاشی تعاون پر بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر گجرات اور چین کے شہر لاڈی کے مابین طے پانے والے سسٹر سٹی معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شجاعت حسین نے کہا کہ جنگ ہو یا امن،سیلاب ہو زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت،چین ہمیشہ چٹان کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا نظر آیا ہے ،بین الاقوامی ایشوز پر پاکستان اور چین نے ہمیشہ یکساں موقف اختیار کیا ،پاکستان ہی وہ ملک ہے جس نے چین کو سب سے پہلے تسلیم کیا تھا ،چین کی تیز رفتار ترقی ہمارے لئے رول ماڈل ہے ،پاکستان بھی چین کے ترقی کے ماڈل اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے ترقی کی منزل پاسکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ گجرات اور لاڈی سٹی کے مابین معاشی تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے ،اس معاہدے پر عملدرآمد سے دونوں شہروں کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ڈی میئر لاڈی سٹی یانگ وائے نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین نے چین اور پاکستان کے معاشی تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،امید ہے آنے والے وقت میں چین اور پاکستان کی دوستی اور معاشی تعاون مزید بڑھے گا ،لاڈی سٹی اور گجرات کے مابین طے پانے والے سسٹر سٹی کے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے تیز رفتار اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ اپنے گھر چائے پر مدعو کرنے پر چوہدری شجاعت حسین کے مشکور ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا ،صوبائی وزیر نے گجرات اور لاڈی سٹی کے مابین طے پانے والے سسٹر سٹی کے معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ،معاہدے کی رو سے چین کی کمپنیاں گجرات میں سرمایہ کاری کریں گی۔ انہوںنے کہا کہ گجرات میں چین کے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،چین کی کمپنیوں کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط کر رہی ہے۔ملاقات میں مقامی صنعتکار ملاقات میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں