امیر مقام 49

وفاقی وزیر گلگت بلتستان کا مولانا محمد ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئرامیرمقام نے مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تعزیتی پیغام میں انجینئرامیرمقام نے کہا کہ مولانا محمد ادریس جید عالمِ دین، ممتاز مدرس اور عظیم استاد تھے جنہوں نے پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، تدریسِ حدیث اور نئی نسل کی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی، ان کی علمی و دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف فرمائے اور انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے۔

انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور شاگردوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عظیم سانحے پر ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انجینئرامیرمقام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام اس افسوسناک واقعے کی فوری اور شفاف انکوائری کرائیں ، ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں