محسن نقوی 54

‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے میجر جنرل مجدی ہلال کی قیادت میں مصر ی وزارت داخلہ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے میجر جنرل مجدی ہلال کی قیادت میں مصر کی وزارت داخلہ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔

‎وفد میں بریگیڈیئر عصام ابو الخیر، بریگیڈیئر انجینئر محمد راضی اور بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد منیر شامل تھے۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ‎ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم اور سیف سٹی کے شعبوں میں اشتراک کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل پولیس اکیڈمی اور مصر کی پولیس اکیڈمی کے درمیان افسران کی مشترکہ ٹریننگ کے لیے تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مصری وفد کا دورہ دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گا،‎ مصر کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ‎‎‎مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کےلئے پاکستانی وفد جلد مصر کا دورہ کرے گا،‎دونوں ممالک کی وزرت داخلہ کے مابین تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ملاقات کے دوران کہا کہ ‎دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ دہشت گردی،انسدادمنشیات اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

مصری وفد نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس، این پی اے سمیت مختلف اداروں کے دورے انتہائی سود مند رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی ‎ نے اپنے مصری ہم منصب کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ ‎ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں