محسن نقوی 45

وزیر داخلہ محسن نقوی کا منیٰ میں پاکستانی حجاج کے کیمپوں کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں پاکستانی عازمین کے کیمپوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامات اور عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔وزارت داخلہ کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وفاقی وزیر نے مختلف کیمپوں کا معائنہ کیا اور حجاج کے لیے ترتیب دی گئی خدمات کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا۔

انہوں نے پاکستانی حجاج بالخصوص بزرگ شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے ایک 100 سالہ حاجی کے ساتھ خصوصی گفتگو کی ۔ انہوں نے بزرگ حاجی کی ہمت اور عزم کو بھی سراہا۔ حجاج کرام نے اپنے تاثرات وزیر داخلہ کے ساتھ شیئر کیے اور بتایا کہ رواں سال کے انتظامات عمومی طور پر اچھے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے حاجیوں سے کیمپوں میں فراہم کی جانے والی رہائش اور کھانے کی سہولیات کے بارے میں بھی پوچھا۔

انہوں نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی قیادت میں وزارت مذہبی امور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے حج آپریشنز کے انتظام میں پوری ٹیم کی محنت کا اعتراف کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر حاجی ہمارے لیے بہت خاص ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عملے کے ارکان کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں۔وزیر داخلہ نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اہم تعاون بالخصوص مکہ روٹ انیشی ایٹو کے تحت پاکستانی عازمین کو پاکستان میں امیگریشن سہولیات فراہم کیں۔ اس حوالہ سے انہوں نے تعاون پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی وزارت حج کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں