شہباز شریف 39

وزیراعظم کا غیر معمولی موسمیاتی تغیر اور بالخصوص گلوف سے بچاؤ کیلئے گلگت بلتستان میں نصب پیشگی وارننگ سسٹم کے مکمل طور پر فعال نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غیر معمولی موسمیاتی تغیر اور بالخصوص گلوف سے بچاؤ کیلئے گلگت بلتستان میں نصب پیشگی وارننگ سسٹم کے مکمل طور پر فعال نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ سال واضح ہدایات کے باوجود سسٹم کی غیر فعالیت اور متعلقہ اداروں کی غیر مؤثر کارکردگی پر انکوائری کا حکم دیدیا جبکہ وزیر اعظم شہبازشر یف نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی نااہلی اور کارکردگی میں کمی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی،

عوام کی سہولت، خدمت اور خطرات سے بچاؤ کے لییاقدامات تمام اداروں کا فرض العین ہے جسکی جواب دہی ہو گی،تمام وفاقی متعلقہ ادارے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی سے پالیسی کے نفاذ میں درپیش تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں،مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے تمام ادارے استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے عوام کی سہولت کے لیے وسائل سے بڑھ کر کام کریں۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون سیزن کی پیشگی تیاری اور موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے ماحولیاتی خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے موسمیاتی خطرات سے بچاؤ کے لیے پیشگی وارننگ سسٹم کی مکمل طور پر فعال نہ ہونے پر شدید اظہار برہمی کیا اورجامع انکوائری کے احکامات دیے۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دیں کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات اٹھائیں اور ٹھوس کارکردگی دکھائیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی نااہلی اور کارکردگی میں کمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مزید براں وزیراعظم نے پیشگی وارننگ سسٹم اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ انفراسٹرکچر کی مکمل فعالیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات دیں۔

اجلاس کو چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفا قی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں