اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ پاکستان کی تزویراتی شراکت داری کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس شراکت داری پر فخر کرتا ہے۔
وہ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ کیلئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے کے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔









