اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اللہ تعالی اور آخرت پر غیر متزلزل ایمان، بے مثال تقوی، بہادری، صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں برداشت، صبر، ایثار اور باطل قوتوں کے خلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل کا حل اتحاد اور اتفاق، بھائی چارے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین میں جاری اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے اور معصوم شہریوں کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا سامنا ہے اور ان پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں گزشتہ 9 ماہ سے زیادہ عرصے سے اسرائیل کی جانب سے ریاستی دہشتگردی کا بازار گرم ہے جس کے نتیجے میں 40 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد تعداد شامل ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کو متحد ہو کر کشمیری اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطین اور کشمیر کی ریاستوں کے قیام کی بھرپور حمایت کرتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق ازاد فلسطین اور کشمیر کے قیام تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔اسپیکر نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اسوہ شبیری کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں اور ملک، قوم اور انسانیت کی بھلائی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال قربانی قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے.
اسپیکر نے علما اور مشائخ کو محرم الحرام کے حقیقی پیغام امن، ایثار، قربانی، برداشت اور اتحاد کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ واقعہ کربلا شہدا کربلا کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جان قربان کر دی لیکن باطل کے آگے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں ظلم کے خلاف سنیہ سپر ہو کر مقابلہ کرنے اور حق کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔