اسلام آباد ہائیکورٹ 14

عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ اور ملاقات کیسز پر سماعت، جیل حکام سے جواب طلب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے، دورانِ سماعت سلمان اکرم راجہ نے موقف دیا کہ اس کیس میں جیل حکام کے ابھی تک میرا وکالت نامہ دستخط کرا کے نہیں دیا، ہم اس کیس کو بغیر پیروی بھی نہیں چھوڑنا چاہتے ہیں۔

جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ سب کے پیراوائز کمنٹس آچکے ہیں۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے وکیل کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں بھی جیل حکام سے جواب طلب کیا گیا، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ عدالت پہلے ہی سٹیٹ کونسل کو ہدایت دے چکی تھی کہ بانی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پاکستان تحریک انصاف بھی اس کیس میں فریق ہے، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ بانی کا ذاتی ایکس اکاؤنٹ ہے۔
بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں