کراچی(رپورٹنگ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے مطالبے پر خونریزی کی بات پورے پاکستان کے لیے دھمکی ہے، عدالتوں کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دلیل کا جواب دھمکی نہیں ہوتا، سندھ کے شہری علاقے کسی کے غلام یا جاگیر نہیں ہیں اور انہیں کسی کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ اب صرف شہری سندھ تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ پورے پاکستان کی ضرورت بنتا جا رہا ہے اور ملک بھر میں اس حوالے سے بحث جاری ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جس طرح اضلاع اور ڈویڑن انتظامی اکائیاں ہیں، اسی طرح صوبے بھی انتظامی اکائیاں ہیں، تاہم اب صوبوں کو ریاست کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ جو بات پہلے شہری سندھ میں کی جاتی تھی، آج پورا پاکستان اس پر بات کر رہا ہے۔ایم کیو ایم رہنما نے سوال اٹھایا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کا مطالبہ کرنے پر خونریزی کی بات کیوں کی جاتی ہے؟ آزادی دلانے والے لوگ کسی کے غلام نہیں، اس لیے مخالفین کو بات کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے۔
کراچی کے انتظامی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کے اضلاع میں آبادی کے لحاظ سے اضافہ ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے سوال کیا کہ کراچی کے اضلاع میں اضافے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے مہاجر صوبے کا نہیں بلکہ کراچی صوبے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے بقول جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان صدیوں کا فاصلہ ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان کا مقدر جاگیردارانہ جمہوریت اور موروثی سیاست ہی رہے گا اور کیا چند سو خاندان ہی ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے؟اپنے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے پاکستان پیپلز پارٹی کو لسانی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کو کسی کی جاگیر سمجھنے کی سوچ قابل قبول نہیں۔






