ڈاکٹر فاروق ستار 19

نئے انتظامی یونٹس ہی قومی مسائل کا حل، محسن نقوی کے مؤقف کی 35 سال بعد توثیق ہوئی، فاروق ستار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے پاکستان اکنامک سمٹ میں نئے انتظامی یونٹس، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور پائیدار اصلاحات سے متعلق دیے گئے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان گزشتہ 35 برس سے اسی مؤقف کی وکالت کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ محسن نقوی نے گزشتہ روز جس حقیقت کا اعتراف کیا، وہی مؤقف ایم کیو ایم پاکستان کئی دہائیوں سے پیش کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی اور انتظامی بحران سے نکلنے کا واحد مؤثر راستہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مقصد صرف اسلام آباد یا صوبائی دارالحکومتوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ثمرات عام شہری کی دہلیز تک پہنچنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام کسی سیاسی یا لسانی ایجنڈے کا حصہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقا، مؤثر حکمرانی اور پائیدار ترقی کے لیے ایک ناگزیر قومی ضرورت بن چکا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ موجودہ انتظامی نظام کے تحت ریاست عام شہری کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جب تک بلدیاتی اور انتظامی نظام کو حقیقی معنوں میں مالی و انتظامی اختیارات نہیں دیے جائیں گے، اس وقت تک صاف پانی، صحت، تعلیم اور صفائی جیسے بنیادی مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر آئین کے آرٹیکل 140A کی روح کے مطابق بلدیاتی اداروں کو مکمل مالی و انتظامی اختیارات دیں اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کریں، کیونکہ یہی اقدامات ملک کے دیرینہ مسائل کے حل کی بنیاد ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں