اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان میں برابر کی شہری اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اقلیتیوں کے دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے لئے پرعزم ہیں۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن،سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی، سینیٹرز طاہر خلیل سندھو، بشریٰ انجم بٹ، فیصل سلیم رحمان، شہادت اعوان، ناصر بٹ، کامران مرتضیٰ، ارکان اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی و سیکرٹری سینٹ سید حسنین حیدر سمیت پارلیمنٹیرینز، پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کے ارکان، سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی اقلیتی دن بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن اور آئین پاکستان میں درج مساوات، آزادی، انسانی وقار اور شمولیت کے اصولوں سے تجدیدِ عہد کا موقع ہے۔









