کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے مفتاح اسماعیل کی جانب سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری پر سندھ پولیس کی بھرتیوں سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری پوری وفاقی اکائیوں کی نمائندہ شخصیت ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی حقیقی وفاقی جماعت ہے۔
اپنے ردعمل میں ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں سندھ سمیت ملک کی تمام اکائیوں اور ہر زبان بولنے والے شہریوں کی نمائندگی موجود ہے، اس لیے صدر آصف علی زرداری کو کسی ایک صوبے، زبان یا قومیت تک محدود کرنا حقائق کے منافی اور قومی یکجہتی کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر، خصوصاً کراچی میں تمام سرکاری بھرتیاں مقررہ قوانین، کوٹہ پالیسی اور میرٹ کے مطابق کی جاتی ہیں، جبکہ سندھ پولیس ایک پیشہ ور، غیر جانبدار اور میرٹ پر قائم ادارہ ہے جہاں تمام زبانیں بولنے والے افسران اور اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت زبان، نسل، علاقے یا برادری کی بنیاد پر کسی بھی امتیاز پر یقین نہیں رکھتی اور کراچی سندھ کا دارالحکومت، پاکستان کا معاشی مرکز اور تمام برادریوں کا مشترکہ شہر ہے۔ضیاء الحسن لنجار نے مفتاح اسماعیل پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار سیاسی رہنما ہونے کے ناطے بے بنیاد الزامات اور لسانی تقسیم کو ہوا دینے والے بیانات سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس کسی مخصوص بھرتی سے متعلق شواہد موجود ہیں تو وہ انہیں متعلقہ قانونی اور انتظامی فورم پر پیش کریں، کیونکہ عمومی الزام تراشی سیاسی ذمہ داری کے منافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست قومی یکجہتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے، لہٰذا مفتاح اسماعیل اپنے حقائق کے منافی اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی وضاحت کریں اور اسے واپس لیں۔








