سندھ ہائی کورٹ 14

معذور افراد کے 5 فیصد ملازمت کوٹے پر توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے کے تحت تقرریاں نہ دینے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس ریاضت علی اور جسٹس محمد حسن اکبر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق عدالت تمام فریقین کو دوبارہ طلب کرکے محفوظ فیصلہ سنائے گی۔

واضح رہے کہ 8 اپریل 2026 کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عدنان کریم میمن اور ان کے بینچ نے معذور افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے حوالے سے فیصلہ جاری کیا تھا، تاہم اس پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث معذور افراد کے وکیل ایڈووکیٹ منصور علی پنہور نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی۔درخواست پر 19 اکتوبر کو جسٹس ریاضت علی کے بینچ نے کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی تھی کہ معذور درخواست گزاروں کو 5 فیصد ملازمت کوٹے کے تحت جلد از جلد سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔درخواست گزاروں کے مطابق کراچی کے اضلاع سینٹرل، ویسٹ، ایسٹ، کیماڑی، کورنگی اور ساؤتھ میں ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹیوں (ڈی آر سی) کے اجلاس ہونے کے باوجود معذور افراد کو تاحال سرکاری ملازمتوں کے آفر لیٹرز جاری نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے دیگر اضلاع میں ڈی آر سی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، تاہم ڈسٹرکٹ ملیر میں اب تک کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوسکا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ ملیر کے رہائشی معذور افراد چھ سے سات ماہ سے متعلقہ حکام سے رجوع کر رہے ہیں، لیکن ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ٹو بشیر میمن اور متعلقہ عملے کی جانب سے ان کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ درخواست گزاروں نے یہ شکایت بھی کی کہ انہیں گھنٹوں انتظار کروانے، نامناسب رویہ اختیار کرنے اور بغیر شنوائی واپس بھیجنے جیسے واقعات پیش آئے۔سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اب تمام فریقین کو دوبارہ طلب کرکے حتمی فیصلہ سنایا جائے گا، جس کے بعد معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے پر عمل درآمد سے متعلق آئندہ کی صورتحال واضح ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں