اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ دینی اور جدید تعلیم کو یکجا کرکے تحقیق، سائنسی علوم اور جدت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، مدارس کے طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ وہ قومی ترقی میں مثر کردار ادا کرسکیں۔وہ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے زیر اہتمام بدلتی دنیا میں اسلامی مدارس کا کردار: تقاضے، چیلنجز، مواقع اور اصلاحات کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں دینی اور دنیاوی علوم کے درمیان کوئی تفریق نہیں، مسلم تہذیب کے عروج کے دور میں بالخصوص سپین میں مسلمان اہل علم نے سائنس، فلکیات اور ریاضی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں،اسلامی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ علم، تحقیق اور غوروفکر مسلم معاشرے کی ترقی کے بنیادی ستون رہے ہیں۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ تاریخی تقسیم اور نوآبادیاتی دور کی تعلیمی پالیسیوں نے دینی اور جدید تعلیم کے درمیان خلیج پیدا کی جسے ختم کرنے کے لیے جامع اور ہمہ گیر تعلیمی نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو اسلامی اقدار، جدید سائنس، تحقیق اور جدت کو یکجا کرے۔انہوں نے مادری زبان میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مادری زبان تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور فکری نشوونما کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دینی مدارس اسلامی علوم اور علمی ورثے کے تحفظ میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم تعلیم کا مقصد صرف معلومات کی فراہمی نہیں بلکہ اخلاقی تربیت، سماجی ذمہ داری، علمی تحقیق اور سائنسی جستجو کو فروغ دینا بھی ہے،
قرآن کریم انسان کو غوروفکر، مشاہدے اور تحقیق کی دعوت دیتا ہے جو فکری اور قومی ترقی کے بنیادی اصول ہیں۔کانفرنس کے دوران جمعیت طلبہ عربیہ کے نمائندوں نے مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ کو اعلی تعلیم تک رسائی، تعلیمی اسناد کی منظوری اور پیشہ ورانہ شعبوں میں مواقع کے حوالے سے درپیش مسائل اجاگر کیے۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ انگریزی زبان کے امتحانات سے متعلق طلبہ کے تحفظات متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے۔پروفیسر احسن اقبال نے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ مسائل پر علمی و تحقیقی مکالمے کے لیے نو سیرت چیئرز کے قیام کا بھی ذکر کیا جن کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے، پانی کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی سمیت اہم موضوعات پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے قومی یکجہتی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے گمراہ کن اطلاعات، انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے اتحاد، مثبت مکالمے اور فکری ہم آہنگی ناگزیر ہیں۔وفاقی وزیر نے تعمیری مکالمے اور تعلیمی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدارس کی دینی شناخت اور اسلامی تشخص برقرار رکھتے ہوئے ان کے طلبہ کو جدید علوم اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ وہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔









