لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما سینیٹر عابد شیر علی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ عمران خان کو سیاسی قیدی مانتے ہیں، مجرم نہیں سمجھتے تو اپنے والد صدرمملکت آصف علی زرداری سے صدارتی معافی نامے پر دستخط کروا کرانہیں رہا کروا دیں،صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے بحث چھیڑنے کے بجائے بلاول بھٹو زرداری کو سندھ میں اپنی جماعت کی گزشتہ 18سالہ حکومت کی کارکردگی پر رپورٹ پیش کرنی چاہیے۔
ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ پہلے قائم علی شاہ اور اب مراد علی شاہ کا غالبا تیسرا دور حکومت ہے، اس لیے تنقید کرنے کے بجائے عوامی خدمت کا حساب دیا جائے۔انتظامی بہتری کے لیے ڈویژنز اور اضلاع کی تشکیل کوئی نئی بات نہیں ،ماضی میں فیصل آباد سرگودھا ڈویژن کا حصہ تھا جسے بعد ازاں الگ ڈویژن بنایا گیا اور اسی طرح سندھ میں بھی بڑے اضلاع کو تقسیم کر کے نئے اضلاع بنائے گئے۔عابد شیرعلی نے کہا کہ جمہوریت میں بحث مباحثہ ضرور ہونا چاہیے اور سیاسی اختلافات بھی رکھے جا سکتے ہیں لیکن کسی معاملے کو اتنا اچھالنا کہ ریاست پر چڑھ دوڑا جائے اس کی ہرگزاجازت نہیں دی جا سکتی۔عابد شیرعلی نے کہا کہ آپ خود وفاق میں اعلی ترین آئینی عہدوں پر فائز ہیں، صدارت آپ کے پاس ہے، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی آپ کے ہیں،خیبرپختونخوا ہ میں آپ کا گورنر تعینات ہے اور 3صوبوں میں آپ کی حکومتیں ہیں،جب اتنے اختیارات آپ کے پاس موجود ہیں تو پھر وفاق پر تنقید کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوںنے وزیر اعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کو دوتہائی اکثریت حاصل ہے، عدم اعتماد لانے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وفاق کو سنبھال رہے ہیں جبکہ مریم نواز پنجاب کو گزشتہ دور کی تباہی سے نکال رہی ہیں ۔عابد شیرعلی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اگر عمران خان سے اتنی ہی ہمدردی ہے تو وہ جیل کا اجازت نامہ لیں، دروازے کھلوائیں اور اپنے والد صدرمملکت آصف علی زرداری کے پاس جا کر صدارتی معافی نامے پر دستخط کروا کر رہائی کا پروانہ جاری کروا دیں کیونکہ آئین نے صدر کو یہ اختیار دیا ہے۔









