سید یوسف رضا گیلانی 31

مضبوط خاندانی اقدار پر قائم معاشرہ قومی ترقی، اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کی ضمانت ہوتا ہے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یومِ والدین کے موقع پر والدین کی بے لوث محبت، قربانیوں اور نسلوں کی تربیت میں ان کے عظیم کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کی عزت و تکریم خاندانی نظام کو مضبوط بناتی ہے، جو ایک ہمدرد، مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔

اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ والدین مضبوط خاندانوں اور خوشحال قوموں کی بنیاد ہیں، جن کی شفقت، دانائی اور بے مثال قربانیاں نئی نسلوں کی کردار سازی اور بہتر معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں والدین کو نہایت بلند اور خصوصی مقام حاصل ہے اور دینِ اسلام بارہا والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، احترام اور اطاعت کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے قرآنِ پاک کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے والدین کے ساتھ نرمی، شفقت اور عزت و احترام سے پیش آنے کا حکم دیا ہے اور ان کے سامنے عاجزی اختیار کرنے کی تاکید فرمائی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خصوصاً بڑھاپے میں والدین کی خدمت اور دیکھ بھال نہ صرف اخلاقی ذمہ داری بلکہ دینی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ۖ کی تعلیمات کے مطابق والدین کی خدمت عظیم ترین نیکیوں میں شمار ہوتی ہے اور یہ دنیا و آخرت میں کامیابی، رحمت اور برکت کا ذریعہ بنتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے والدین کے احترام، معاونت اور ان کی قدر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط خاندانی اقدار پر قائم معاشرہ قومی ترقی، اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کی ضمانت ہوتا ہے۔

انہوں نے بالخصوص نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین کی قربانیوں کو تسلیم کریں، ان کے لیے شکر گزاری کا اظہار کریں اور محبت، صبر، خدمت اور احترام کی ان اقدار کو فروغ دیں جو ہماری ثقافتی روایات اور اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ والدین کی عزت و تکریم خاندانی نظام کو مضبوط بناتی ہے، جو ایک ہمدرد، مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں