مریم نواز شریف 23

مریم نواز سے ایم پی ایز کی ملاقات، سیاسی امور، عوامی فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وہاڑی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں محمد یوسف کسیلہ، ملک نوشیر انجم لنگڑیال، میاں محمد ثاقب خورشید اور محمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے، ملاقات کے دوران سیاسی امور، ترقیاتی پراجیکٹس اور عوامی فلاحی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے 5 دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی ملتان روڈ کو دورویہ شاندار ایکسپریس وے میں بدلنے پر اظہار تشکر کیا اور وہاڑی ملتان روڈ دورویہ سڑک کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیا۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ملتان وہاڑی روڈ کی بحالی پر عوام کے شاندار فیڈبیک سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہاڑی ملتان روڈ کی تعمیر علاقے کی ترقی کیلئے سنگ میل ہے۔

انہوں نے وہاڑی میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی سے بورے والا اور ٹبہ سلطان پور میں الیکٹروبس عوام کے لئے شاندار ٹرانسپورٹ ہے، الیکٹروبس میں طلبہ، خواتین اور بزرگوں کیلئے مفت سفر کی سہولت وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بے مثال اقدام ہے۔

ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل بورے والا، میلسی اور وہاڑی میں تقریباً 21 ارب روپے کے میگا پراجیکٹ شروع کیے گئے ہیں، وہاڑی ریل بازار کی بیوٹیفکیشن سے شہر کا اربن کلچر نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، دو رویہ ملتان وہاڑی روڈ سے روزانہ چار اضلاع کے لاکھوں مسافر مستفید ہورہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کا جذبہ اپنے قائد محمد نواز شریف سے ورثہ میں ملا، وہاڑی ملتان روڈ کی فوری تعمیر علاقے کے عوام کا حق تھا جس کی اللہ تعالیٰ نے ہمیں توفیق دی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے پہلی مرتبہ پورے صوبہ بھر یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے موجودہ مون سون میں نکاسی آب کی نئی سکیموں کی وجہ سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، اب بارشوں کے بعددنوں، ہفتوں اور مہینوں کھڑا ہونے والا پانی گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ سے جنوبی پنجاب کے کاشتکار، لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ سے طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں