طلال چوہدری 16

لانگ مارچ کریں، شارٹ مارچ کریں، مسئلہ نہیں، دہشتگردی پر بات کریں،طلال چوہدری

جڑانوالہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آپ لانگ مارچ کریں، شارٹ مارچ کریں، ہمیں مسئلہ نہیں تاہم دہشت گردی پر بات کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ سے نہیں روکا بشرطیہ دہشت گردی پر بھی بات کی جائے۔طلال چوہدری نے کہاکہ سیاست اپنی جگہ، آئیں مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں۔

ٹی ٹی پی، بی ایل اے یا افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی قابلِ مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد، دہشتگرد ہوتا ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت ہونی چاہیے۔طلال چوہدری نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں پر حملے ہوئے، پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا اجتماع پر کبھی کوئی دہشت گردی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کا دفتر پاکستان میں کھولنے کی بات کی۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے گورنر راج کے خلاف اور پی ٹی آئی کے حق میں پریس ریلیز جاری کی، گورنر راج کا مقصد صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہے، دہشت گرد گروپوں کا ساتھ دینے والوں سے ریاستی ادارے نمٹیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں