محمد جاوید قصوری 80

غربت سے تنگ باپ کی تین بچوں کو زہردیکر خود کشی،حکمران جوابدہ ہیں’جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے غربت سے تنگ باپ کا تین معصوم بچوں کو زہر یلی گولیاں کھلا کر خودکشی کے دل خراش واقعے کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی سے تنگ افراد پورے پورے خاندان سمیت خودکشیاںکرنے پر مجبور ہیں۔

ملک کے اندر مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے ۔ حکمران عوام کو اگر ریلیف نہیں دے سکتے تو انہیں اقتدار میں رہنے کا بھی کوئی حق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکس کم اور غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ۔قوم منتظر ہے کہ غریبوں کا دکھ رکھنے والے کب اپنے شاہانہ اخراجات کو کم اور مراعات کا خاتمہ کرتے ہیں۔ یہ لوگ قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر تقریبا ً چالیس فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔ لوگوں کو دو وقت کی با عزت روٹی بھی میسر نہیں ۔چار کروڑ افراد بھیک مانگ رہے ہیں اور کوئی بھی حکومتی ادارہ عوام کی حالت زار کو درست کرنے کے لئے توجہ دینے کو تیار نہیں ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان میں غربت کی شرح 42.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے.

آبادی کی سالانہ شرح نمو تقریباً 2 فیصد رہے گی، جس کا مطلب ہے کہ اس سال 19 لاکھ اضافی افراد غربت کی لکیر سے نیچے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید قربان جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، عوام کی پریشانیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ ایک طرف مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، تو دوسری جانب دکاندار خریداروں کی راہ تکتے تھک گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں