ناصر حسین شاہ 26

عوامی خدمت ملازمت نہیں، عظیم مقصد اور قومی ذمہ داری ہے، ناصر حسین شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت محض ملازمت نہیں بلکہ ایک عظیم مقصد اور قومی ذمہ داری ہے۔ سرکاری افسران کو چاہیے کہ وہ پختہ عزم، دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور کسی انعام یا صلے کی خواہش کے بغیر قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی میں منعقدہ 40ویں سینئر منیجمنٹ کورس کی گریجویشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل نیپا کراچی ناصر اقبال ملک اور چیف انسٹرکٹر ابراہیم انصاری نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سینئر منیجمنٹ کورس بی ایس 20 میں ترقی کے لیے لازمی تربیتی مرحلہ ہے۔ اس دوران افسران نے عوامی پالیسی، مالیاتی انتظام، قیادت، ابلاغ، اسٹریٹجک منصوبہ بندی، بحرانی حالات سے نمٹنے اور فیصلہ سازی جیسے اہم شعبوں میں علم اور مہارت حاصل کی ہے۔ امید ہے کہ افسران اس تربیت کو اپنی عملی ذمہ داریوں میں بروئے کار لاتے ہوئے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کے لیے عوامی خدمت ایک اعزاز بھی ہے اور ایک وعدہ بھی، لہٰذا انہیں چاہیے کہ بے خوف ہوکر کام کریں اور پوری دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

ملک کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک فیصلہ کن دور سے گزر رہا ہے۔ ملکی معیشت دباؤ کا شکار ہے اور قومی سلامتی کو بھی مختلف چیلنجز اور خطرات درپیش ہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ پاکستان دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور کامیابی حاصل کرے گا۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ سرکاری افسران قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری لگن سے ادا کریں۔قائداعظم محمد علی جناح? کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ فیصلہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچنا چاہیے، لیکن ایک مرتبہ فیصلہ کرلینے کے بعد مضبوط انسان کی طرح اس پر قائم رہنا چاہیے۔ سرکاری افسران کو بھی فیصلہ سازی میں غور و فکر، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ قومی ترقی اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیپا کراچی ناصر اقبال ملک نے ادارے کے تربیتی کردار اور سول سروس افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ نیپا جدید انتظامی تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی پروگراموں کے ذریعے افسران میں قیادت، مؤثر فیصلہ سازی اور ادارہ جاتی انتظام کی صلاحیتیں فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔چیف انسٹرکٹر ابراہیم انصاری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کورس کے تربیتی مقاصد اور افسران کی پیشہ ورانہ ترقی میں اس کی اہمیت اجاگر کی۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی سید ناصر حسین شاہ نے نیپا کے سینئر افسران کے ہمراہ 40ویں سینئر منیجمنٹ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ بعد ازاں مہمان خصوصی، ڈائریکٹر جنرل نیپا، چیف انسٹرکٹر، فیکلٹی ممبران اور کورس مکمل کرنے والے افسران نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں