شاہریز خان

عمران خان کے بھانجے اسپین میں آئرن مین ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے معروف ٹرائیتھلون ایتھلیٹ اورعمران خان کے بھانجے شاہریز خان اسپین میں 8 اور 9 نومبر کو ہونے والی ”آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپئن شپ” میں شرکت سے محروم ہوگئے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے والے واحد پاکستانی ہیں، تاہم انہیں سفر سے روک دیا گیا ہے کیونکہ ان کا نام ”پاسپورٹ کنٹرول لسٹ” میں شامل ہے۔شاہریز کے مطابق ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور وہ صرف بطورایتھلیٹ پاکستان کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق 21 اگست 2025 کو لاہور ایئرپورٹ پرانہیں اپنی اہلیہ کے ہمراہ سفر سے روکا گیا اور ”غیر قانونی طور پر آف لوڈ” کیا گیا۔22 اگست کوایک سینئر تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ شاہریز کو 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے ایک مقدمے میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق شاہریزکی گرفتاری کو ”جبری حراست” اور ”اختیارات کے ناجائز استعمال” سے تعبیر کیا جا رہا ہے انکی نقل وحرکت پرپابندیوں اورسفری آزادی کی معطلی پر بھی شدید تحفظات کا اظہارکیا گیا ہے۔شاہریز خان نے کہاکہ میں ایک ایتھلیٹ ہوں، سیاست دان نہیں، میری واحد خواہش ہے کہ میں پاکستان کا نام عالمی سطح پرفخرکے ساتھ بلند کروں۔