بلاول بھٹو زرداری 52

سندھ میں بچوں کو معیاری اور مفت ہنگامی طبی سہولیات بڑے پیمانے پر مہیا کی جارہی ہیں بلاول بھٹو زرداری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن))پاکستان کی چائلڈ لائف فانڈیشن کو عالمی سطح پر سوشل انوویشن کے لیے اسول ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا ہے، جو برطانیہ کے شہر آکسفورڈ میں منعقدہ 23ویں سالانہ اسول ورلڈ فورم کے دوران پیش کیا گیا۔

یہ اعزاز دنیا بھر میں تین تنظیموں کو دیا گیا، جس میں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن بھی شامل ہے۔ اس ایوارڈ کے ذریعے حکومت اور چائلڈ لائف فانڈیشن کے درمیان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بچوں کے لیے معیاری، مفت اور 24 گھنٹے ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید اور موثر اقدامات کو سراہا گیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں چائلڈ لائف فانڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے کہ بچوں کے لیے معیاری اور مفت ہنگامی علاج بڑے پیمانے پر فراہم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اور تحصیل میں رسائی کو ترجیح دے کر اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سندھ میں کوئی بھی بچہ بروقت اور زندگی بچانے والے علاج سے محروم نہ رہے، جبکہ نتائج عالمی معیار کے بڑے اسپتالوں کے برابر حاصل ہو رہے ہیں۔اسول فاؤنڈیشن نے چائلڈ لائف فانڈیشن کو دو اہم شعبوں میں سراہا، جن میں سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے ایمرجنسی رومز کی جدید خطوط پر بحالی اور انتظام، اور ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک شامل ہیں۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے دور دراز علاقوں کے ثانوی درجے کے اسپتالوں کو ہائی ڈیفینیشن کیمروں اور آئی پی فونز کے ذریعے ماہر بچوں کے ڈاکٹروں سے منسلک کیا جاتا ہے۔

ایوارڈ میں اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں بچوں کی شرح اموات میں کمی کے کردار کو بھی تسلیم کیا گیا۔چائلڈ لائف فانڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسن ربانی نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی بچہ معیاری ہنگامی طبی سہولت سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہ ہو۔اسول فاؤنڈیشن سماجی کاروباری افراد اور تنظیموں کو سراہتی اور سپورٹ کرتی ہے جو دنیا کے اہم مسائل کے حل کے لیے جدید اور عملی اقدامات کر رہی ہیں۔اسول فاؤنڈیشن کی سی ای او اور صدر مارلا بلو نے کہا کہ اس سال کے ایوارڈ یافتگان اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب باصلاحیت اور تخلیقی قیادت کسی مسئلے کے حل کے لیے پرعزم ہو تو وہ عالمی سطح پر نظام میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ کمیونٹیز کے ساتھ شراکت داری اور مختلف شعبوں کے باہمی تعاون کے ذریعے صحت، تعلیم اور عوامی فلاح کے میدان میں دیرپا اثرات مرتب کیے جا رہے ہیں۔چائلڈ لائف فاؤنڈیشن ہر سال 20 لاکھ سے زائد بچوں کو 24 گھنٹے اور مفت زندگی بچانے والا علاج فراہم کرتی ہے۔ یہ ادارہ حکومت کے تعاون سے ملک بھر کے 350 سے زائد سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے ایمرجنسی رومز اور ٹیلی میڈیسن سیٹلائٹ سینٹرز چلا رہا ہے، اور اس کا مقصد بچوں کے لیے مفت اور معیاری ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی اور شرح اموات میں کمی لانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں