سلیم حیدر خان 22

خواتین کے حقوق کا تحفظ ترجیح، جامعات میں ہراسمنٹ پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے’گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی ترجیح ہے، جامعات میں خواتین و طالبات کے خلاف ہراسمنٹ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواتین کے حقوق کے تحفظ، ہراسانی کے خلاف اقدامات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے ڈاکٹر نجمہ افضل خان کو خاتون محتسب پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خاتون محتسب کا آفس خواتین کو جائیداد میں انکا وراثتی حق دلانے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے جو قابل تعریف ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے فروغ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے گورنر آفس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آگاہی مہمات کو مزید تیز کیا جائے۔گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنایا جائے تاکہ خواتین کو بروقت اور مؤثر انصاف فراہم کیا جا سکے۔

اُنہوں نے مزیدکہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں خواتین و طالبات کے خلاف ہراسمنٹ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔اس موقع پر خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے گورنر پنجاب کو ادارے کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور خواتین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ خاتون محتسب کا ادارہ صوبہ بھر میں خواتین کو جائیداد میں ان کا وراثتی حق دلانے کے لیے سب سے موثر اور با اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون محتسب کا ادارہ صوبے بھر میں خواتین کو ہراسانی سے بچاؤ اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں