مسرت جمشیدچیمہ

عمران خان ملک کی سب سے بڑی حقیقت ہے ،مخالفین اس حقیقت کا سامنا کریں ‘مسرت جمشیدچیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کی آخری امید ہیں،وہ صرف آئین و قانون کی بالا دستی کی بات کرتے ہیں لیکن سمجھ نہیں آتی ہمارے مخالفین کو اس پر اعتراض کیوں ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران خان ملک کی سب سے بڑی حقیقت ہے ہمارے مخالفین اس حقیقت کا سامنا کریں ، عمران خان محب وطن پاکستانی ہیں ان کی خواہش ہے کہ عوام اورملک کے حالات ٹھیک ہوں ۔پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی صورت میں ایک ایسا لیڈر دیا ہے جس کی نظر آگے ہیں وہ ماضی میں نہیں رہتا ، وہ کسی سے بدلہ نہیں لے گا کیونکہ انہیں ملک اور عوام کا مفاد عزیز ہے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پوری قوم اجتماعی دعا اوراجتماعی نوافل ادا کرے کہ اللہ ان لوگوں کو ہوش کے ناخن لینے کی توفیق دے جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں ، انہیں توفیق دے کہ وہ دیوار پر جو لکھا ہے اسے پڑھ سکیں۔انہوںنے کہا کہ آج لوگوں کے حالات یہ ہو چکے ہیں کہ وہ اپنے زیور بیچ کر بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں لیکن ان سے روٹی پوری نہیں ہو رہی،جس عوام کے پیٹ میں دو و قت کی روٹی نہیں جارہی انہیںحکمرانوں نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شش و پنج اوراضطراب کی کیفیت میں ڈال رکھا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلہ آنے کے بعد آئینی عہدوں کے سارے الیکشن متنازعہ ہو گئے ہیں ۔آئی ایم ایف اور کوئی عالمی امداد پاکستان کو ٹھیک نہیں کر سکتی اگر پاکستان کو ٹھیک کرنا ہے تو اسے آئین و قانون کے مطابق چلانا ہوگا۔