کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم صفائی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صفائی نصف ایمان اور صحت مند، پائیدار و مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، اسے محض ایک مہم کے بجائے زندگی کا مستقل حصہ بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے پاکیزگی، سادگی اور مخلوقِ خدا کی خدمت کا درس دیا، اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنا دراصل خلقِ خدا اور دھرتی کی خدمت ہے۔ زمین، پانی، ہوا اور خوراک رب کی عطا اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں، جن کا تحفظ ہم سب کی دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ رزق کی قدر کرنا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، دسترخوان پر خوراک کا ضیاع ہمارے اجتماعی رویوں پر غور کا تقاضا کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ ایک ارب سے زائد کھانوں کے برابر خوراک ضائع ہونے کا تخمینہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خوراک کا ضیاع روکنا غذائی عدم تحفظ، بھوک اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس لیے ضرورت کے مطابق خوراک استعمال کرنے، اضافی خوراک کے ضیاع کو روکنے اور وسائل کے تحفظ کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صاف شہر صرف سڑکوں، گلیوں اور شاہراہوں کی صفائی سے نہیں بنتے بلکہ صاف سوچ، احساسِ ذمہ داری اور مثبت رویوں سے وجود میں آتے ہیں۔ حکومت، عوام، کاروباری و تعلیمی ادارے اور سول سوسائٹی باہمی تعاون سے صاف، سرسبز اور صحت مند سندھ کے قیام میں کردار ادا کریں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اپنے حصے کی صفائی، ذمہ داری اور بھلائی کا آغاز آج ہی کرنا ہوگا، صاف پلیٹ سے صاف گھر، صاف گھر سے صاف محلہ اور صاف محلے سے صاف شہر بنتا ہے۔ صاف اور پاکیزہ ماحول ہی صحت مند معاشرے اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔









