آصف علی زرداری 41

صدر زرداری کا چانگشا میں حنان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ ، حنان گروپ کو مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت

چانگشا(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چانگشا میں حنان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا۔

صدر مملکت نے ویلیو ایڈیشن، ایگرو پروسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو سراہا۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو حنان ٹی گروپ کے آپریشنز، سپلائی چین اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔حنان ٹی گروپ کے چیئرمین ژوژونگ وانگ نے صدر مملکت کو بریفنگ دی ،

صدر مملکت کو چائے کی کاشت، پراسیسنگ، تحقیق اور مارکیٹنگ کیبارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی چائے کے باغات، خصوصی پیداواری سہولیات اور تقسیم کے نظام کو اس انداز میں منظم کیا گیا ہے کہ وہ مقامی فروخت اور برآمدات دونوں کی معاونت کرتے ہیں۔حنان ٹی گروپ صوبے میں چائے کی ضروریات کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جو کاشتکاروں، صنعت اور تحقیقی اداروں کو برانڈنگ اور مارکیٹ تک رسائی کے ساتھ جوڑتا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کمپنی کی تاریخ پر مبنی گیلری کا دورہ کیا اور چائے کی پراسیسنگ اور اسکی ثقافت پر پریزنٹیشن کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت کیلئے چائے کی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے ویلیو ایڈیشن، ایگرو پروسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو سراہتے ہوئے حنان گروپ کو مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ جات سید قاسم نوید قمر ، چیف سیکرٹری سندھ صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں