اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت آصف زرداری نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے استحکام کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پائیدار امن صرف مذاکرات، خودمختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا امن کی طرف پیشرفت کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ مغربی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر ہے، اور پاکستان اس سلسلے میں علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حالیہ پیشرفت کے تناظر میں فریقین کو تحمل اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے تاکہ صورتحال مزید کشیدہ نہ ہو۔









