مراد علی شاہ 14

شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے، مراد علی شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا مظہر ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہلکاروں کی بہادری اور عزم قابلِ قدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی اس ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ملک میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں