'راجہ پرویز 12

شاہنواز بھٹو کی جمہوری جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں، راجہ پرویز اشرف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے شہید میر شاہنواز بھٹو کے یومِ پیدائش پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید شاہنواز بھٹو کی زندگی جمہوری جدوجہد، آمریت کے خلاف مزاحمت اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی تاریخ کا اہم باب ہے، بھٹو خاندان کی جمہوریت کے لیے قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں رہنمائوں نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو نے مشکل حالات میں بھی جمہوری نظریات سے اپنی وابستگی برقرار رکھی اور آمریت کے خلاف آواز بلند کی۔ ان کی جدوجہد اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے جمہوری شعور، سیاسی وابستگی اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے ایک اہم پیغام رکھتی ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کا نام ہمیشہ جمہوریت، سیاسی جدوجہد اور آمریت کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ بھٹو خاندان نے جمہوریت کی بحالی، آئین کی حکمرانی اور عوام کے حقوق کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ پیپلز پارٹی آج بھی انہی جمہوری اصولوں اور نظریات پر کاربند ہے اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی جدوجہد نوجوان نسل کے لیے ایک اہم پیغام ہے۔ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے آئین اور پارلیمان کی بالادستی ناگزیر ہے۔ شہدائے جمہوریت کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی سیاسی اور جمہوری ذمہ داری ہے۔

نوجوانوں کو بھی جمہوری اقدار، رواداری، سیاسی شعور اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھٹو خاندان کی قربانیوں اور جمہوری جدوجہد کو پاکستان کی تاریخ سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ شہید شاہنواز بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد کرکے تاریخ میں اپنا مقام بنایا۔ ان کا یومِ پیدائش ہمیں جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والی شخصیات کی یاد دلاتا ہے اور اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تینوں رہنماں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، آئین کی حکمرانی، انسانی حقوق، پارلیمان کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور شہدائے جمہوریت کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں