نیر بخاری 19

سید نیئر حسین بخاری کی قائم مقام صدر آزاد کشمیر پر حملے کی شدید مذمت

مظفر آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکریٹری جنرل، سید نیئر حسین بخاری نے آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر پر حلقہ نمبر 5 کھاوڑہ، مظفرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ چوہدری لطیف اکبر پر حملہ دراصل ریاست کے ایک آئینی منصب پر حملہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ مظفرآباد ڈویڑن میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب اور تاریخی اختتامی جلسے کے بعد مخالفین کی واضح شکست نمایاں ہو چکی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر پر حملہ دراصل ریاست کے ایک آئینی منصب پر حملہ ہے۔سید نیئر حسین بخاری نے مطالبہ کیا کہ قائم مقام آئینی سربراہ پر حملہ کرنے والے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دباؤ، دھونس اور جبر کے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والی جماعت نہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مظفرآباد ڈویژن میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی متوقع کامیابی کے خوف سے ووٹروں کو حقِ رائے دہی استعمال کرنے سے روکنے کے لیے مختلف رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ پہلے ہی دفن ہو چکا ہے، عوام کے حقِ نمائندگی کے لیے جدوجہد کرنے والوں پر حملے دہشت گردانہ ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، جنہیں فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں اور ووٹروں کے احترام کو یقینی بنانا جمہوری نظام کا بنیادی تقاضا ہے۔

سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹرز کو خوف و ہراس سے آزاد ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی ضمانت فراہم کرے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن کمیشن میں درجنوں شکایات پہلے ہی جمع کرا چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے مظفرآباد ڈویڑن کے تمام حلقوں میں فوری طور پر معمول کی صورتحال بحال کریں تاکہ شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں