چیف جسٹس 180

سپریم کورٹ ،سیف الرحمان کی عبوری ضمانت میں 22ستمبر تک توسیع

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ نے سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کے کیس میں بی فور یو کے مالک سیف الرحمان کی ضمانت میں 22 ستمبر تک توسیع کر دی۔

سپریم کورٹ میں بی فور یو کمپنی کے مالک سیف الرحمان کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے ملزم کے خلاف رقم وصولی کے شواہد عدالت میں پیش کر دیے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بی فور یو غیر رجسٹرڈ کمپنی ہے، پیسہ ذاتی ناموں پر لیا جاتا ہے، ملزم کو سوالنامہ بھی دیا لیکن تسلی بخش جواب نہیں ملا اور ملزم سرمایہ کاروں کی فہرست فراہم نہیں کر رہا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر تسلی بخش جواب نہیں مل رہا تو نیب کاروائی آگے بڑھائے جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ لاکھوں لوگوں نے پیسہ لگایا ہے۔ ملزم سیف الرحمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایس ای سی پی جرمانہ کرچکا ہے جسے چیلنج کر رکھا ہے، سیف الرحمان کے اکاونٹس منجمند ہوچکے ہیں لیکن پھر بھی عدالت میں چھ چھ گھنٹے کے لیے ہر تین دن بعد بلایا جاتا ہے، جس پر جسٹس منصور نے ریمارکس دیے کہ اکاونٹس منجمد ہوچکے ہیں لیکن ان میں آنے والا پیسہ بہت زیادہ ہے۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ نیب اپنی مرضی کی کارروائی کرنا چاہتا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ نیب نے تفتیش اپنی مرضی سے کرنی ہے ملزم کی مرضی سے نہیں۔ سماعت کے بعد عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں 22ستمبر تک توسیع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں