شرجیل انعام میمن 16

سندھ اور کشمیر کی سرزمین اور عوام کو طنز و مزاح کا موضوع مت بنائیں، شرجیل میمن کی نواز شریف پر تنقید

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے (ن) لیگ کے قائد نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

شرجیل میمن نے نواز شریف کے بیان پر ردِعمل میں کہا کہ نواز شریف صاحب! سیاست ہوتی رہے گی، سندھ اور کشمیر کی سرزمین اور عوام کو طنز و مزاح کا موضوع مت بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں، سابق وزیر اعظم کا یہ رویہ نہ صرف غیر سنجیدہ بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کسی بھی شہر یا ضلع کا نام سیاسی تقریر میں مذاق یا تقابل کے انداز میں استعمال کرنا شعوری پسماندگی ہے، اگرچہ نواز شریف نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ ‘تلخی نہیں ہونی چاہیے’ لیکن ان کے اپنے الفاظ ہی سیاسی تلخی اور غیر ضروری تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے بیان میں نواز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے خطاب میں تاریخی شہر میرپورخاص اور اس کے لاکھوں عوام کی توہین کی ہے۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے باعث کسی شہر یا خطے کا نام طنز یا تحقیر کے انداز میں لینا مناسب طرزِ سیاست نہیں۔ میرپورخاص سندھ کی تاریخ، ثقافت، زراعت اور قومی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے۔

میرپورخاص کی محبِ وطن عوام نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی دلائل ختم ہونے پر نواز شریف شہروں اور عوام کی تذلیل کررہے ہیں۔ سندھ کے عوام مسلم لیگ ن کی سندھ دشمن سوچ کو مسترد کرتی ہے۔صوبائی وزیر نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اپنے غیرمناسب رویے پر میرپورخاص کی عوام سے معذرت کریں۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن قیادت اپنے دیوالیہ بنے ہوئے سیاسی کیریئر کو بچانے کیلئے آخری کوششوں میں ہے۔ آزاد کشمیر کی عوام نوسربازوں کو اچھی طرح پہچانتی ہے، ن لیگ کو عبرتناک شکست ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوامی منشور کے ساتھ عام آدمی کے درمیان موجود ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تعلق دیرینہ اور پختہ ہے جسے کسی سرکس سے توڑا نہیں جاسکتا۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دیکر اپنے وسائل سے ملکی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ سندھ اور سندھ کے عوام کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں