ہائیکورٹ 21

سابق جج جسٹس (ر) ظفر اقبال چوہدری کی پنشن مراعات کی درخواست خارج

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے سابق جج جسٹس (ر) ظفر اقبال چوہدری کی پنشن مراعات سے متعلق درخواست خارج کر دی۔جسٹس عاصم حفیظ نے قرار دیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 199کی شق (5)کے تحت ہائیکورٹ کو اس نوعیت کی عدالتی نظرثانی کے دائرہ اختیار سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل کمیٹی اور چیف جسٹس کے فیصلے کو آئینی درخواست کے ذریعے چیلنج نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے درخواست میں ترمیم کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے مرکزی آئینی درخواست اور ترمیمی درخواست دونوں خارج کر دیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے جاری کردیا، جسٹس عاصم حفیظ نے فیصلے میں لکھا کہ درخواست گزار نے پنشن سے متعلق مراعات کے حصول کے لیے درخواست دی تھی، جس کا جائزہ لاہور ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل کمیٹی نے لیا، تاہم کمیٹی نے اس کی منظوری نہیں دی، بعد ازاں کمیٹی کی سفارشات چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے سامنے پیش کی گئیں، جنہوں نے درخواست مسترد کر دی۔اس فیصلے سے درخواست گزار کو رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے 11مئی 2026ء کے خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا، جسے آئینی درخواست میں چیلنج کیا گیا تھا۔فیصلے کے مطابق درخواست کی سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے پیش ہونے والے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔جسٹس عاصم حفیظ نے فیصلے میں مزید قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 199کی شق (5)کے تحت ہائی کورٹ، اس کے ججز پر مشتمل کمیٹیاں اور چیف جسٹس ادارے کے ایک مربوط حصے کی حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں اس نوعیت کے عدالتی نظرثانی کے دائرہ اختیار میں نہیں لایا جا سکتا۔

آئینی شق میں کسی ایک مخصوص جج کے بجائے ہائی کورٹ کا ذکر کیا گیا ہے، اس لیے متعلقہ سفارشات اور چیف جسٹس کی توثیق کو الگ کرکے اس بنیاد پر چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے قرار دیا کہ درخواست میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ جس کام کی براہ راست اجازت نہیں، اسے درخواست میں ترمیم کے ذریعے بالواسطہ طور پر بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا، فیصلے میں ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عدالتی احترام برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔عدالت نے قرار دیا کہ درخواست کے حقائق میں ایسی کوئی بنیاد موجود نہیں جس پر آئینی دائرہ اختیار استعمال کیا جا سکے، چنانچہ جسٹس عاصم حفیظ نے جسٹس (ر) ظفر اقبال چوہدری کی پنشن مراعات سے متعلق آئینی درخواست اور درخواست میں ترمیم کی استدعا دونوں خارج کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں