کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ میں مصطفی عامر قتل کیس کے فوری ٹرائل سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ملزمان ارمغان اور شیراز نے دوسری بار عدالتی نوٹس وصول کرنے سے انکار کردیا، جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کیا۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ اس کا مطلب ہے کہ ملزم عدالت کا نوٹس وصول ہی نہیں کر رہا۔ مقتول کے اہل خانہ کے وکیل افتخار شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان دوسری مرتبہ بھی نوٹس وصول کرنے سے انکار کرچکے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان نوٹس بھی وصول نہیں کر رہے، جبکہ ٹرائل کورٹ میں جج کی عدم تعیناتی کے باعث کارروائی بھی آگے نہیں بڑھ رہی۔ وکیل نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ میں جج کی تعیناتی تک کیس کی سماعت ملتوی کردی جائے، جس پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ مقتول مصطفی عامر کی والدہ نے مقدمے کی کارروائی میں تاخیر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اپنی رپورٹ میں ٹرائل میں تاخیر کا ذمہ دار ملزم ارمغان اور اس کے وکیل کو قرار دیا تھا۔









