سرفراز بگٹی 18

دہشت گرد عناصر وسہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جائے پناہ نہیں، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنگو میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جائے پناہ نہیں، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کی قربانیوں کی بدولت پاکستان میں پائیدار امن اور استحکام کی منزل حاصل ہوگی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں