حنیف عباسی 21

دہشتگردی کے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، حنیف عباسی

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن کے دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔بدھ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے لکی مروت میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم غمزدہ ہے۔

انہوں نے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔وفاقی وزیر ریلوے نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دہشتگردی کے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے اور پاکستانی قوم ناقابلِ شکست ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ریاست اور سکیورٹی فورسز کی جنگ جاری رہے گی۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ قوم متحد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں