پشاور(رپورٹنگ آن لائن) خیبر پختونخوا کے دو اضلاع پشاور و کوہاٹ کو ڈینگی کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیدیا گیا ضلع کوہاٹ میں ڈینگی کی صورتحال وبائی شکل اختیار کرگئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق رواں ماہ کوہاٹ میں ڈینگی کے 975 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 80 ایکٹو کیسز ہیں، جبکہ پشاور میں اکتوبر کے دوران 209 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ بنوں میں 81، چارسدہ میں 37، ہری پور میں 34، ایبٹ آباد میں 21 جبکہ ہنگو اور نوشہرہ میں 20، 20 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں رواں ماہ اب تک ڈینگی کے 1510 کیسز سامنے آچکے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 99 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔رواں سال صوبے میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4091 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈینگی سے متاثرہ ایک شخص کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔









