سیالکوٹ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے لیسکو کے خلاف کی گئی ٹویٹ کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دو لائن مین اور ایک لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل کردیا گیا ہے۔ ایکسیئن پھول نگر ڈویژن کے مطابق معطل کیے گئے اہلکاروں میں لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین، لائن مین شوکت اور لائن مین فلک شیر شامل ہیں۔
لیسکو حکام کے مطابق گاؤں میں 200 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر جلنے کے بعد 100 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر نصب کیا جا رہا تھا تاہم مقامی افراد اور خواجہ آصف کے کوآرڈینیٹر نے عملے کو کام سے روک دیا۔ایکسیئن پھول نگر کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود چک 27 کا دورہ کیا اور کسی کے لیسکو عملے کو رقم دینے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
جنگ نیوز کے مطابق خواجہ آصف نے شکایت کی تھی کہ ان کے ملازم کے گاؤں کا ٹرانسفارمر 80 ہزار روپے مبینہ رشوت کے بعد تبدیل کیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع لیسکو کا کہنا ہے کہ ایک شخص شبیر نے گاؤں سے رقم اکٹھی کی جس کا لیسکو سے کوئی تعلق نہیں۔لیسکو حکام کے مطابق معاملے پر اعلیٰ سطح کی انکوائری جاری ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو کے نوٹس پر ڈائریکٹر سرویلنس اینڈ انسپکشن ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔









