اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ سفارتی کامیابیوں کی دنیا اور پاکستان کا بچہ بچہ معترف ہے۔نیر حسین بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے، بلاشبہ وزیرِ اعطم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور محسن نقوی کا بھی اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ کامیابیوں سے مستفید ہونے کی ذمے داری بھی حکومت کی ہے، معاشی بہتری نہیں ہوئی تو نالائقی وفاقی حکومت کی ہے۔نیر حسین بخاری نے سوال کیا کہ خواجہ آصف، محسن نقوی پارلیمان کے معزز ارکان ہیں، دونوں وفاقی وزرا نے نظام نہ چلنے کی بات کبھی پارلیمنٹ میں کی؟انہوں نے کہا کہ صوبوں کی حدود میں رد و بدل کا طریقہ کار آئین میں وضاحت سے درج ہے، خواجہ آصف اپنے صوبے پنجاب سے آغاز کر لیں، صوبہ جنوبی پنجاب کی پنجاب اسمبلی میں پہلے سے قرارد موجود ہے۔نیر حسین بخاری نے کہا کہ ایم کیو ایم کا وزیر وفاقی کابینہ میں شامل ہے،
ہمت کریں صوبائی رد و بدل کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھائیں، وزرا معاملہ پارلیمان میں لائیں، اشاروں میں اور ہوائی باتیں نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بات کریں، نئے یونٹس کا معاملہ پارٹی کے فیصلہ ساز ادارے مجلس عاملہ میں زیرِ بحث لایا جائے گا۔









