محمد اورنگزیب 26

حکومت شفاف، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور سہولت فراہم کرنے والا ٹیکس نظام قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمداورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت شفاف، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور سہولت فراہم کرنے والا ٹیکس نظام قائم کرنے میں پرعزم ہے،معاشی اور ٹیکس پالیسیوں کو مثر، قابلِ عمل اور ملک کے اصلاحات سے متعلق اہداف سے ہم آہنگ بنانے کیلئے پیشہ وارانہ اداروں اور صنعتی شعبے کے نمائندوں سے مسلسل رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈاکاونٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ)کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وزیرِ خزانہ نے وفد کوحکومت کی جانب سے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحات افرادی وسائل، طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے شفافیت میں اضافہ ، غیر ضروری انسانی مداخلت میں کمی اور ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے حوالہ سے ادارہ جاتی جدیدکاری، طریقہ کار میں آسانی اور خودکار نظام کے فروغ کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے وزارتِ خزانہ کے تحت ٹیکس پالیسی آفس کے فعال ہونے کو ایک اہم ادارہ جاتی اصلاح قرار دیا جس کا مقصد پالیسی سازی کو مضبوط بنانا اور ٹیکس پالیسی و انتظامیہ کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔اجلاس میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا جو ٹیکس کی تعمیل، نگرانی اور محصولات کے نظام کو موثر بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی پیداواری نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی سے چلنے والے نگرانی کے نظام مختلف شعبوں میں دستاویزی عمل بہتر بنانے، قواعد پر عملدرآمد مضبوط کرنے اور نظام میں موجود خامیوں کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

وفد نے دستاویزی معیشت، گروپ ٹیکسیشن ڈھانچے، برآمدات پر مبنی خدمات اور مختلف شعبوں میں ٹیکس کے یکساں اطلاق سے متعلق متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار میں آسانی، مسابقت بڑھانے، محصولات میں موثر اضافہ اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ خزانہ نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور سفارشات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاری بجٹ سازی کے عمل کے دوران ان کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت شفاف، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور سہولت فراہم کرنے والے ٹیکس نظام قائم کرنے کے لئے پرعزم ہے جو معاشی ترقی، دستاویزی معیشت کے فروغ اور بہتر حکمرانی کو یقینی بنائے۔وفد کی قیادت آئی کیپ کے صدر سمیع اللہ صدیقی نے کی جبکہ دیگر شرکا میں نائب صدرآئی کیپ جہانزیب امین،نائب صدر احمدرضامیر اورکونسل ممبر ذیشان اعجازشامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں