لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سیاسی طور پر دوبارہ متحرک ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے،حمزہ شہباز شریف پارٹی کارکنوں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی سیاسی کردار ادا کریں گے۔
حمزہ شہباز شریف کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعلی نے بطور ہیڈ آف پبلک افیئرز اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور وزیراعظم سیکرٹریٹ میں قائم دفتر میں کام کا آغاز کر چکے ہیں۔قریبی ذرائع کے مطابق انہیں ارکان قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی شکایات سننے، ان کے مسائل حل کرنے اور ایم این ایز کو فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے اہم اختیارات دئیے گئے ہیں۔حمزہ شہباز نے پہلے ہی مختلف وفاقی وزرا ء سے ملاقاتیں کرلی ہیں ۔
بتایاگیا ہے کہ حمزہ شہباز پنجاب میں بھی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اراکین پنجاب اسمبلی کے مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز پبلک اکائونٹس کمیٹی کے معاملات پر بھی نظر رکھیں گے اور کارکنان کے مسائل حل کرنے کے لیے الگ کمیٹی بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔







