محمد جاوید قصوری 17

حالیہ بارشوں نے حکومتی نااہلی اور اداروں کی مجرمانہ غفلت بے نقاب کر دی ہے’ جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش قدرتی عمل ہے لیکن ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور حکومتی اداروں کی مجرمانہ غفلت نے اسے عوام کے لیے ایک بڑے انسانی المیے میں تبدیل کر دیا ہے، پنجاب کے کئی شہر اور دیہات بارش کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، سڑکیں ندی نالوں اور تالابوں کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ شہریوں کو آمدورفت، بجلی، پینے کے صاف پانی اور روزمرہ زندگی کے بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ لاہور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کی بارش نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ کئی اہم شاہراہیں، انڈر پاسز، گلیاں اور رہائشی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جس کے باعث شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے اور متعدد خاندان اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ لاہور میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 343 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پنجاب میں بارش سے متعلق مختلف حادثات میں جانی نقصان اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بارش کے بعد گندے اور سیوریج کے پانی نے پینے کے صاف پانی کے ذرائع کو بھی متاثر کر دیا ہے، جس سے شہریوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔

حکومت کو فوری طور پر صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کے لیے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ چھتوں اور دیواروں کے گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ کمزور اور خستہ حال عمارتوں کی بروقت نشاندہی، شہریوں کی منتقلی اور حفاظتی اقدامات حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ محض بیانات، اجلاسوں اور فوٹو سیشنز سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اداروں کی بے بسی نے عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اربوں روپے کے بجٹ اور وسائل کے باوجود ہر سال بارش کے موسم میں وہی تباہی کیوں دہرائی جاتی ہے۔ نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے مستقل نظام، غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور شہری منصوبہ بندی کے فقدان نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب فوری طور پر بارش سے متاثرہ علاقوں کا سروے کرائے، جاں بحق افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کی مکمل مالی معاونت کرے، متاثرہ گھروں اور کاروباروں کا ازالہ کرے اور صاف پانی و طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں