جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال:مخیر حضرات کے تعاون سے مختلف بلاکس میں 10 الیکٹرک واٹر کولرز نصب

لاہور، 8جون(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال انتظامیہ نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے مخیر حضرات کے تعاون سے مختلف بلاکس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 10 الیکٹرک واٹر کولرز نصب کر دئیے گئے ہیں،جس کے باعث باہمی شراکت سے پنجاب بھر سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین ہر وقت ٹھنڈے اور صاف پانی کی سہولت سے فیض یاب ہوسکیں گے۔ واٹر کولز کی تنصیب سے بیماروں اور تیمارداروں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور دور دراز سے آنے والے شہریوں نے واٹر کولرزلگانے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر اور ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کی اس سلسلے میں خصوصی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں عموماً پینے کے صاف پانی کے مسائل درپیش رہتے ہیں جبکہ ڈاکٹرز بھی مریضوں کو انفیکشن سے بچانے کی خاطر جراثیم سے پاک پانی پینے کی تجویز دیتے ہیں لیکن بہ امر مجبوری ہسپتالوں سے ملحقہ سٹورز سے مہنگے داموں پینے کے پانی کی بوتلیں خریدنی پڑتی ہیں، کثیر تعداد میں پانی کی بوتلوں کی خریداری غریب لواحقین کے لئے جیب پر بوجھ ہونے کے ساتھ ساتھ پریشانی کو دو چند کرنے کا باعث ہوتی ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ گرمی کے موسم میں پانی کی پیاس بجھانے کے لئے ان الیکٹرک واٹر کولرز سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے پانی استعمال کر رہے ہیں اور اللہ کے شکر کے ساتھ ساتھ ان انسان دوست حضرات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کے اس کار خیر کو بارگاہ الہی میں مقبولیت حاصل ہو۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے ایل جی ایچ کے مختلف بلاکس میں واٹر کولرز نصب ہونے سے چوبیس گھنٹے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل ہونے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واٹر کولرز کا عطیہ دینے والے صاحب ثروت افراد جنرل ہسپتال کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ادارے کے ہیلتھ پروفیشنلز بلند نگاہی اور رقیق القلبی کی حامل شخصیت ہیں جنہوں نے عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنا یا اور ہمیشہ ادارے کی بہتری اور مریضوں کی سہولت کو مقدم رکھا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں مریضوں کے بروقت اور موثر علاج معالجے کے لئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے اور انتظامی ڈاکٹرز نے رضا کارانہ طور پر پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ کے تحت دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے فلاحی منصوبوں کو فعال بنانے کا بیڑا بھی اٹھا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ اشتراک کے تحت پینے کے صاف پانی جیسے بنیادی ضرورت کے حامل منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 واٹر کولرز کی تنصیب کی گئی ہے جبکہ ان پر خرچ آنے والے بجلی کے اخراجات، واٹر فلٹریشن اور دیگر امور بذمہ ہسپتال ہوں گے جس کے باعث باہمی شراکت سے پنجاب بھر سے آنے والے مریض اور ان کے ورثاء ہر وقت ٹھنڈے اور صاف پانی کی سہولت سے فیض یاب ہوسکیں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ مخیر حضرات کا جنرل ہسپتال کو عطیات دینا اس ہسپتال پر ان کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے جس پر مخیر حضرات شکریہ کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور سربراہ انتظامیہ میرے اور ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کے لئے یہ امر باعث اطمینان ہے کہ یہ ادارہ بعید از بساط پریشان حال عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے جس میں آنے والے وقت میں انشاء اضافہ ہو گا۔ ایم ایس ڈاکر فریاد حسین نے ہسپتال میں واٹر کولرز کی تنصیب پر اظہار مسرت اور مخیر حضرات سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا خلق خدا کے لئے آسانیاں پیدا کرنے والوں کے لئے اللہ تعالی دونوں جہانوں میں آسانیاں فرماتا ہے۔